کراچی(یو این پی) معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین نے بول ٹی وی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تو ساتھ ہی بول ٹی وی کا موقف بھی سامنے آ گیا جس میں عامر لیاقت کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور نان پروفیشنل قرار دیا گیا تاہم ایک بار پھر عامر لیاقت میدان میں آ گئے ہیں اور بول کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی کچھ دیر پہلے ٹویٹ کیا کہ میں نے بول چھوڑ دیا ہے تو بول نے ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں بات کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا کہ میں نے غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے، میں اپنے بول کے تمام پرانے اور سابق ساتھیوں سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ انہیں سب پتہ تھا اور انہیں پہلے سے بتا دیا گیا تھا، جھوٹ نہیں بولنا چاہیے۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ بول نے کہا کہ یہ پروفیشنل رویہ نہیں ہے، پروفیشنل رویہ پروفیشنل ادارے میں اچھا لگتا ہے، میں نے پروفیشنلی بھی ان کو بتا دیا تھا، میں نہیں چاہتا کہ پنڈورا باکس کھلے اور بہت ساری باتیں کہیں جائیں کیونکہ جب بات نکلے گی تو بہت دور تک جائے گی۔ عامر لیاقت کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’ایسے نہیں چلے گا‘ پروگرام میں ہی کرتا تھا، میں ان تمام شخصیات کا نام لیے بغیر ان سے معافی مانگتا ہوں جن کی دل آزاری اس پروگرام کے ذریعے ہوئی، ہو سکے تو مجھے معاف کر دیں کیونکہ یہ انتظامیہ کی پالیسی تھی جبکہ میں ایک نرم دل آدمی ہوں، جو چیزیں مجھ سے کہلوائیں گئیں میں نے کہہ دیں، بول کی پریس ریلیز غلط ہے۔