لاہور(یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک جماعت نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہے اور اس سوچ کو کوئی ختم نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے اس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کٹنگ اور محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی، صاحبزادہ انور شاہ ڈاکٹر مفتی بہرام خادم پیر موہڑہ شریف حاجی ظہور اور دیگر نے بھی شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر بڑی طاقت بن کر ابھرے گی، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جاسکے، قیام امن سمیت تمام امور پر سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے قائم ہونے سے ملک کے مسائل تیزی سے حل کئے جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام، ملک کو ترقی پسند بنانے کیلئے عوام کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔