ہم پر لازم ہے کہ ہمیشہ حق کے ساتھی رہیں اور ناحق کے خلاف اپنی آواز بلند کریں

Published on December 3, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 370)      No Comments

سری نگر(یو این پی) جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے تحریک آزادی کے سرخیل شیخ عبدالحمید کے والد بزرگوار شیخ عبدالکبیر المعروف چاچا کی وفات کی خبر ملتے ہی فرنٹ قائدین کے ہمراہ صدیق آباد بٹہ مالو پہنچے اور مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔ بٹہ مالو علاقے کے لوگوں کی تحریک آزادی کے تئیں والہانہ عقیدت و محبت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ ہمیشہ حریت پسندوں کی نرسری رہا ہے اور اسی علاقے نے شیخ عبدالحمید کو بھی جنم دیا جنہوں نے اپنی کاوشوں سے میں ایک عوامی انقلاب کی بنیاد رکھی تھی۔ کبیر چاچا کی جدوجہد و قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ شیخ عبدالکبیر کی وفات جہاں ان کیلئے ایک ذاتی نقصان ہے وہیں پر یہ قومی نقصان بھی ہے کیونکہ حلیمی،انسانیت نوازی اور برداشت کے اس پیکر کے چلے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پرکرنا بہرصورت مشکل ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ ایک والد کی حیثیت سے جہاں موصوف کو اپنے جوان سال فرزند کی جسد خاکی کو کاندھا دینا پڑا تھا وہیں پر خود جیلوں اور ٹارچر سینٹروں میں اذیتیں برداشت کرنے کے علاوہ اور اپنے بال بچوں تک کی جیل کی صعوبتیں اور بار بھی اٹھانا پڑا تھا لیکن اس مرد آہن نے یہ سبھی تکالیف بغیر چوں و چرا برداشت کیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنی سماجی خدمات اور مدد کے طالب لوگوں کی مدد و نصرت کا کام بھی جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ آج جب کہ ہم سے ہمارے یہ والد جدا ہوئے ہیں ہم انکی جنت نشینی اور ان کے غم زدہ لواحقین و احباب کیلئے صبر جمیل و جزیل کیلئے دعا گو ہیں۔اس دوران فرنٹ چیئرمین زیارت بٹہ مالو صاحب گئے اور وہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا محسن انسانیت ،پیغمبر آخر زمان،،سرور کائنات حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن تزک و احتشام کے ساتھ منارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ ہمارے لئے فخر و غرور ہیں اور اگر انسانیت کو فلاح پانی ہے تو اسی مقدس و معظم انسان کے نقوش ہائے قدم کی پیروی کرنا پڑے گی کیونکہ اس کے بغیر فلاح کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں حق و باطل اور ظالم و مظلوم کے درمیان فرق کرنے کا سبق سکھایا ہے اور ہم پر لازم ہے کہ ہمیشہ حق کے ساتھی رہیں اور ناحق کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes