بلوچستان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،11 ملزم گرفتار

Published on December 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 482)      No Comments

کوہلو: (یواین پی)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن ردالفساد میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان بھرمیں آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی، خفیہ اداروں اور لیویز نے کارروائیاں کیں، جس کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو سنی شوراں سے گرفتار کیا گیا، قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 آئی ای ڈیز (بارودی سرنگیں) ناکارہ بنا دی گئیں، ڈیرہ بگٹی اور ڈوکی کے علاقوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں حساس اداروں نے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ڈی سی کوہلو کا کہنا ہے کہ کارروائی میں لیویز کے 100 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ برآمد کیے جانے والے اسلحے میں آر پی جی سیون کے 181 راکٹ، 172 فیوز، 75 ایم ایم آر آر کی ایک گن اور 80 راؤنڈز شامل ہیں۔
آپریشن کے بعد علاقے میں سیكیورٹی کوہائی الرٹ كردیا گیا اور فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme