لاہور(یو این پی) باقر نجفی رپورٹ کی اشاعت پر اپنے ردعمل میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی مشاورت کے عمل میں ہیں، عجلت میں کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتے، کارکن تیار رہیں اور کال کا انتظار کریں۔ طاہر القادری نے مزید کہا کہ کارکن کنٹینر بھی تیار رکھیں، ابھی تک مجھے اصل کاپی دستیاب نہیں ہو سکی، ہمارے وکلاء رپورٹ کا مطالعہ کر رہے ہیں، میں نے رپورٹ کی سرکاری کاپی کا مطالعہ کر لیا ہے، کل وکلاء اور کور کمیٹی کی مشترکہ میٹنگ ہو گی، عدالتی حکم کے بعد اصل رپورٹ تک رسائی حاصل کرینگے، رپورٹ میں درج تاریخ سے شکوک پیدا ہوتے ہیں، حکومت کہہ رہی ہے کہ رپورٹ نے کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا، حکومتی ترجمان پروپیگنڈا کر رہے ہیں، رپورٹ شہباز شریف اور رانا ثناء کو مجرم قرار دینے کیلئے کافی ہے۔طاہر القادری نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ انہیں ٹی وی چینلز کے ذریعے واقعے کا پتا چلا لیکن رپورٹ کے مطابق توقیر شاہ چیف منسٹر کی ہدایت پر میٹنگز میں شریک ہوئے تھے، جس سے ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف کو ٹی وی چینل کے ذریعے پتا چلنا بات جھوٹی ہے، یہی وجہ ہے کہ توقیر شاہ کو ہٹا کر سوئٹزر لینڈ بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء چار پیسوں کی خاطر اپنا ضمیر نہ بیچیں، جسٹس باقر نجفی کو ایکسلینٹ رپورٹ مرتب کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے یہ بھی کہا کہ سب کو معلوم تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر بیریئرز لگے تھے، بیریئر لگانے کی درخواست ہم نے نہیں، اہل علاقہ نے کی تھی، یہ سب کچھ جسٹس باقرنے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے، رپورٹ میں لکھا ہے کہ 3 سال سے حکومت بیریئرز کی حفاظت کر رہی تھی۔