اسلام آباد(یوا ین پی) خشک سردی کے ستائے شہریوں کے لئے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ پیر اور منگل کو مری، گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا امکان ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد ہے، جڑواں شہروں میں آج کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری، پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو شمالی بلوچستان، بالائی سندھ میں چند مقامات پر جبکہ پیر سے بدھ کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشنگوئی بھی کی گئی ہے۔ آئندہ ہفتے سے سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔