اسلام آباد(یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے حدیبیہ مل کیس میں نوازشریف کیخلاف اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کے باوجود کوئی اقدام نہ ہونا تعجب کی بات ہے، انتخابات وقت پر ہوتے دیکھ رہا ہوں، الیکشن قریب آتے ہی اتحاد بننا نئی بات نہیں ہے۔معروف مصور جمیل نقش کے فن پاروں پر مشتمل میوزیم کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہوتے دیکھ رہا ہوں، الیکشن قریب آتے ہی اتحاد بننا نئی بات نہیں ہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ حدیبیہ کیس میں جے آئی ٹی نے جو دستاویزات پیش کی گئیں ان میں اسحاق ڈار کا اقبالی بیان بھی موجود ہے لیکن عدلیہ کی جانب سے اس کیس میں کچھ نہ کرنا تعجب کی بات ہے۔اعتزاز احسن نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اپنا منی ٹریل عدالت میں پیش کرچکے ہیں اسی لئے اہل قرار پائے لیکن نوازشریف نے کیس میں الزامات تسلیم کئے اور منی ٹریل بھی نہیں دکھا سکے۔