اسلام آباد (یواین پی) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ پر پریشر نہیں ہے تو گزشتہ 70 سالوں میں کس پریشر کے تحت فیصلے کیے جاتے رہے ہیں،وہ کون سا پریشر تھا جس کے تحت مشرف سے حلف لیا گیا اور اس کے گلے میں ہار پہنائے گئے۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پتہ نہیں قومی خزانے کو کون سا نقصان پہنچایا نہیں معلوم یہاں کیوں آیا ہوں، ایک خیالی تنخواہ جولی ہی نہیں گئی وہ اثاثہ بن گئی لیکن عمران خان کے لاکھوں پاﺅنڈز کی ٹرانزیکشنز ، لندن فلیٹ اور بنی گالہ کے گھر ، جن کے بارے میں وہ خود اعتراف کرچکے ہیں ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اثاثہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فارن فندنگ کیس میں بڑی خورد برد ہے لیکن اس کے بارے میں کہا گیا کہ اسے پانچ سال سے آگے نہیں لے جایا جاسکتا کیونکہ ساری کیلکولیشن ہوچکی ہے کہ جو کچھ ہوا ہے پانچ سال پہلے ہوا ہے اس لیے اس کے بعد کا حساب کیا جائے۔نواز شریف کا کہنا تھایہ کون سا انصاف ہے کہ لاڈلے عمران خان کو چھوڑ دیں اور اس وزیر اعظم کو اٹھا کر باہر پھینک دیں جس کی کوئی خطا نہیں ہے، یہ ملک قانون اور آئین کی حکمرانی کیلئے بنایا گیا تھا یہاں اس طرح کی سکہ شاہی نہیں چلے گی، دہرا معیار اور انصاف کا خون نہیں چلے گا ہم کوئی بیوقوف، پاگل اور بھیڑ بکریاں ہیں جو اس طرح کے فیصلے قبول کرلیں، نہ میں ، نہ میری پارٹی اور نہ ہی ہماری قوم اس فیصلے کو قبول کریں گے ہم اس فیصلے کے آگے بند باندھ کر کھڑے ہیں اور دہرے معیار کے خلاف تحریک چلائیں گے، یہ وہ تحریک ہے جو ضرور چلنی چاہیے کیونکہ یہ چلے گی تو انصاف کا بول بالا ہوگا۔