برمنگھم(یواین پی)کیا آپ نے کبھی انار کے چھلکے کی چائے کے بارے میں سنا ہے ؟ جی جناب، انار کے چھلکے کی چائے بھی بنتی ہے اور اس کے فائدے بھی ایسے حیران کن ہیں کہ آئندہ آپ کو انار سے زیادہ اس کے چھلکے میں دلچسپی ہو گی۔ ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ انار کے چھلکے میں متعدد اقسام کے غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جن کے حصول کا بہترین طریقہ انار کی چائے ہے۔ یہ چائے انار کے سوکھے چھلکے کے سفوف سے بنتی ہے۔ یہ سفوف بنانے کے لئے آپ انار کے چھلکے صاف پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد دھوپ میں رکھ کر خشک کر لیں۔ خشک ہونے کے بعد ان چھلکوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں۔ آپ انہیں پیس سکتے ہیں، یا بلینڈر یا کافی گرائینڈر میں ڈال کر بھی ان کا سفوف بنا سکتے ہیں۔ اس سفوف کو آپ عام کافی پاؤڈر کی طرح بوتل میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر سکتے ہیں ۔ چائے بنانے کے لئے ایک کپ پانی میں ایک چمچ انار کے چھلکے کا پاؤڈر ڈالیں۔ اسے چنٹ منٹ تک ابالیں اور پھر چھان لیں۔ آپ اس چائے میں لیموں کا رس اور شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔اس قدرتی چائے کا ذائقہ بہت ہی لاجواب ہوتاہے اور صحت کے فوائد الگ ہیں۔ یہ چائے آپ کے نظام انہضام کو درست کر دیتی ہے لہٰذا قبض اور بدہضمی سے پریشان لوگوں کو اس کا استعمال ضرور کرنا چاہئیے۔ یہ دل کی بیماری کے خدشے کو کم کرتی ہے، جلد کو ترو تازہ کرتی ہے، دوران خون کو بہتر کرتی ہے ، اور حتیٰ کہ کینسر جیسی موذی بیماری سے تحفظ میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہے۔