اسلام آباد(یواین پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی کی جائیداد قرقی کی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن پر مشتمل پرڈویژنل بنچ نے احمد علی قدوسی کی جائیداد قرقی کی کارروائی روکنے کے حوالے سے درخواست پر آج تک حکم امتناعی جاری کیا تھا۔دوران سماعت درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ میرا مدعی نیب ریفرنس میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ضامن ہے جو علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں اور بیماری کے باعث پاکستان نہیں آ سکتے ، ملزم کی عدم پیشی پر نیب کورٹ نے ضامن کی جائیداد قرقی کا حکم جاری کر دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ نیب کورٹ کو ضامن کی جائیداد قرقی سے روکا جائے ۔عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد 17 جنوری تک حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے نیب کورٹ کو جائیداد قرقی کی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔