اسلام آباد(یواین پی)سابق خاتون اول اور حلقہ این اے 120 کی منتخب رکن قومی اسمبلی کلثوم نواز کیلئے دعائیں رنگ لا رہی ہیں۔ شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی جانب سے ان کو روبصحت قرار دیا جا رہا ہے اور اللہ نے کرم کیا تو وہ جلد پاکستان واپس لوٹ آئیں گی۔ تاہم انہیں اپنے ڈاکٹروں سے سفر کی اجازت ملنے کا انتظار کرنا پڑے گا۔بتایا گیا ہے کہ لندن میں کیموتھراپی کے 4 سیشن سے گزرنے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی حالت بہتر ہے۔ چوتھی کیموتھراپی کے بعد کلثوم نواز ہسپتال سے گھر منتقل ہوچکی ہیں۔ انہیں کیموتھراپی کے 6 سے 8 مراحل سے گزرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ ادھر سیاسی حلقوں میں ان کی آمد پر ان کے شایان شان استقبال سمیت ان کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔