لاہور(یو این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پولیس کالج سہالہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے اپنے خطاب میں پولیس فورس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں پولیس والا جب کسی کا چالان کرتا ہے تو سب پہلے وہ اسے سر کہتا ہے، پھر لائسنس کا پوچھتا ہے۔ لائسنس نہ ملنے پر وہ گاڑی کا نمبر نوٹ کرتا ہے اور اسے جانے دیتا ہے،لیکن پاکستان میں اس کے برعکس ہے ۔ہماری پولیس کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے ساتھ اخلاق کے ساتھ پیش آئے اور کسی بھی غلطی پر شہریوں کی بے توقیری نہ کی جائے بلکہ ان کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ سلوک کیا جائے۔تھانوں میں چور کو چودھری اور ظالم کو مظلوم نہ بنایا جائے بلکہ ان کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے جس کے وہ حقدار ہیں۔