اسلام آباد(یواین پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی سعودی عرب روانگی کے بعد میاں نواز شریف نے بھی عمرہ ادائیگی کے بہانے سعودی عرب جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں بھائیوں اور ترکی کے وزیر اعظم علی بن یلدرم کی سعودی عرب میں موجودگی نے ایک نئے این آر او کی خبروں کو تقویت دے دی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سعودی عرب میں سعودی حکمرانوں اور ترکی کے وزیر اعظم علی بن یلدرم سے ملاقاتوں کے بعد میاں نواز شریف کو سعودی عرب فوری طور پر پہنچنے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔میاں نواز شریف بھی اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں سعودی عرب روانگی کا ارادہ کر چکے ہیں بظاہر میاں نواز شریف عمدہ ادائیگی کا ایجنڈا لے کر جا رہے ہیں لیکن میاں شہباز شریف نے سعودی حکمرانوں سے میاں نواز شریف کی ملاقاتوں کا شیڈول مرتب کر لیا ہے۔ دونوں بھائیوں کی سعودی عرب میں بیک وقت موجودگی نے ان خبروں کو مزید تقویت دے دی ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ 2000ء کی طرح میاں نواز شریف ایک بار پھر سعودی حکومت کے ذریعے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ سے این آر او کرنے کے لئے جا رہے ہیں۔ میاں نواز شریف احتساب عدالتوں کے فیصلے آنے سے پہلے سعودی حکومت کے ذریعے ایک ایسا نیا سیاسی معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے ذریعے کم از کم مریم نواز کا سیاسی مستقبل تاریک ہونے سے بچ جائے۔ میاں نواز شریف کا سیاسی کیرئیر بچانے کے لئے ترکی کی حکومت بھی بھرپور طریقے سے متحرک ہے۔ پیپلز پارٹی کے راہنما نبیل گبول نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی سعودی عرب میں موجودگی ایک نئے این آر او کے لئے بھرپور کوشش ہے۔ میاں شہباز شریف نے راستے صاف کرنے کے بعد ہی بھائی کو سعودی عرب پہنچنے کا پیغام دیا ہے۔