کراچی(یو این پی) معروف ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا کراچی میں انتقال کر گئیں، ان کی عمر 72 سال تھی۔ ان کی نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔خاندانی ذرائع کے مطابق زبیدہ طارق جو کہ زبیدہ آپا کے نام سے معروف تھیں کچھ عرصے سے بیمار تھیں، آج نجی اسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ان کی نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔ زبیدہ آپا 9 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ زبیدہ آپا کے بہن بھائیوں میں لیجنڈ انور مقصود، فاطمہ ثریا بجیا، زہرہ نگاہ، صغریٰ کاظمی، سارہ نقوی، احمد مقصود و دیگر شامل ہیں۔ زبیدہ طارق کی شہرت کی ایک وجہ اُن کے وہ ٹوٹکے بھی تھے جو وہ اپنے ٹی وی پروگرامز کے دوران ناظرین کو بتایا کرتی تھیں۔