اسلام آباد(یو این پی) پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس نصر اور پی این ایس خیبر پر مشتمل ٹاسک گروپ نے ماریشیئس کی بندرگاہ لوئس کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے یہ جہاز مشرقی افریقی ممالک اور بحرِ ہند کے جزیرہ نما ممالک کے خیر سگالی دورے پر ہیں۔ پی این ایس خیبر ٹائپ21-فریگیٹ جہاز ہے اور پی این ایس نصر معاون جنگی جہاز ہے۔ پاک بحریہ کے جہازوں کے دورے کا مقصد خطے میں امن و سکیورٹی کا فروغ اور ماریشیئس کی آزادی کی پچاس سالہ افتتاحی تقریبات میں شرکت ہے۔ پچاس سالہ عرصہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ ماریشیئس کے مابین سفارتی تعلقات کا مظہر ہے۔ اس تاریخی موقع کے پیشِ نظر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل امجد خان نیازی بھی ماریشئس میں پاک بحریہ ٹاسک گروپ کا حصہ تھے۔ دورے کے دوران کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشن کمانڈر، کموڈور جاوید اقبال اور جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ ماریشیئس کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے اُمور کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقوں میں عوامی جمہوریہ ماریشیئس کی صدر محترمہ آمینہ گیورب فاکم، عوامی جمہوریہ ماریشیئس کے وزیر اعظم جناب پراوند کُمار جگناتھ، عوامی جمہوریہ ماریشیئس کی نائب وزیر اعظم محترمہ فضیلہ داری آوو، جینڈر ایکویلٹی، چائلڈ ڈویلپمنٹ اینڈ فیملی ویلفیئر کی وزیر محترمہ روبینہ جادو۔ جان بوکس، ماریشیئس کے پولیس کمشنر جناب کارل ماریو نوبن اور لوئس بندرگاہ کے لارڈ میئر جناب ڈینیل ایرک کلائیو لارینٹ سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کے آفیسرز اور عملے نے ماریشیئس کوسٹ گارڈ ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا جبکہ ماریشیئس کوسٹ گارڈ کے آفیسرز اور جوانوں نے میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز اور کاؤنٹر پائریسی ورکشاپ میں شرکت کے لئے پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا۔ عوامی جمہوریہ ماریشیئس کی آزادی کے فوراً بعد دونوں ممالک کے مابین شروع ہونے والے سفارتی تعلقات کی پچاس سالہ تکمیل کے سلسلے میں پی این ایس نصر پر ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس ضیافت میں ماریشیئس کے نائب صدر، نائب وزیرِ اعظم، سابق صدر اور سابق نائب صدر، سفارت کاروں، حکومتی عہدیداران، ماریشیئس میں مقیم پاکستانیوں اور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان اور ماریشیئس کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد بھائی چارے، دوستی اور مساوی بالادستی کے اصولوں پر قائم ہے۔ بحرِ ہند کے ساحلی ممالک ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کو ایک جیسے میری ٹائم چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومتِ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے پاک بحریہ، بحرِ ہند کے ساحل پر آباد ممالک کے ساتھ میری ٹائم شراکت کو مزید بڑھانے کے لئے بھر پور انداز سے سرگرمِ عمل ہے اور یہ دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ پاک بحریہ کے فلیگ آفیسرز اور پاک بحریہ کے جہازوں کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین موجود تعلقات کو یقیناً مزید مضبوط بنانے کا باعث ہو گا۔