ممبئی(یواین پی) بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو سمجھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ انہیں جنسی ہراسانی سے کیسے بچنا چاہئے۔حال میں قصور میں پھول جیسی ننھی زینب کے ساتھ زیادتی اور لرزہ خیز قتل نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کواپنی جانب متوجہ کرلیا۔ زینب کے قتل کے خلاف اٹھائی گئی ہر پاکستانی کی آواز بیرون ممالک خصوصا بھارت تک میں سنی گئی۔ چونکہ بھارت میں بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل جیسے واقعات ہونا معمول کی بات ہے لہذا ان واقعات کی روک تھام کے لیے بھارتی اداکار عامر خان بہت پہلے اپنی آواز بلند کرچکے ہیں۔2012 میں عامر خان نے بچوں سے جنسی زیادتی اور انہیں ہراساں کرنے کے حوالے سیستیہ میو جیتیکے نام سے پروگرام شروع کیا یہ پروگرام منفرد موضوع کے باعث عوام میں بے حد مقبول ہوگیا۔ عامر خان پروگرام میں چھوٹے بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات منظر عام پر لے کر آئے جب کہ اسی شو میں وہ بچوں کو یہ سبق بھی دیتے نظر آئے کہ انہیں درندہ صفت انسانوں سے اپنی حفاظت کس طرح کرنی ہے۔ حال ہی میں پاکستان میں ننھی زینب کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد عامر خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بیحد مقبول ہورہی ہے۔ویڈیو میں عامر خان بچوں کیساتھ ہلکے پھلکے انداز میں نہایت سنجیدہ موضوع پر گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں، اس ویڈیو کو لوگ اس لیے بھی سراہ رہے ہیں کہ والدین اپنے بچوں سے اس حوالے سے بات نہیں کرپاتے لہذا عامر خان کی ویڈیو بچوں کو ان کی طرف بڑھنے والے خطرے کااحساس دلانے کے لیے بہترین ہے۔