بغداد (یواین پی) عراق کے دارالحکومت بغداد میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 95 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے وسط میں واقع الطیاران چوک پر 2 خود کش حملہ آور آئے اور عوام کے جم غفیر میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ عراقی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خود کش حملوں میں 27 افراد جاں بحق اور 95 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔تاحال ان خود کش حملوں کی ذمہ داری کسی دہشتگرد تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
ہفتے کے روز بھی جنوبی بغداد کے علاقے عدن چوک پر سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں کئی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا لیکن اس حملے کی بھی کسی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تھی۔