کراچی(یواین پی)قومی کرکٹر فواد عالم کو اللہ نے اپنی رحمت یعنی بیٹی سے نوازا ہے جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر جاری کرتے ہوئے کیا۔ فواد عالم نے اپنے پیغام میں لکھا ’’اللہ نے مجھے اپنی کائنات کی سب سے خوبصورت رحمت سے نوازا ہے، یہ ہے میری بیٹی۔ اہلیہ ٹھیک ہے اور سب خوش ہیں۔ الحمد اللہ‘‘ فواد عالم کی جانب سے اس اعلان کے بعد قومی کرکٹرز کی جانب سے مبارکبادوں کے ڈھیر لگ گئے اور ہر کسی نے ان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمر گل نے کہا ’’ماشاء اللہ، بہت بہت مبارک ہو۔۔۔ بیٹیاں اللہ کی رحمت ہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے خوش رکھے اور اسے آپ کے لئے فخر کا باعث بنائے۔ آمین‘‘ شعیب ملک نے لکھا ’’بہت بہت مبارک ہو فادی۔۔۔ اللہ ہمیشہ اس کی حفاظت کرے اور یہ تمہارے لئے خوشیوں کا باعث بنے۔ انشاء اللہ‘‘ عمر اکمل نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’’مبارک ہو بھائی۔ یقیناً بیٹی اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی رحمت ہے۔ برائے مہربانی بھابھی اور گھر والوں کو میری اور نور کی طرف سے سلام دینا‘‘ احمد شہزاد نے لکھا ’’مبارک ہو فادی بھائی۔۔۔ خوش رہو‘‘۔