اسلام آباد (یواین پی) زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کے 37 بینک اکاﺅنٹس کا دعویٰ کرنے والے ڈاکٹر شاہد مسعود اپنی صحافتی برادری سے خاصے نالاں ہیں جس کا اظہار انہوں نے ایک ٹویٹ میں کیاہے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے ملزم عمران ارشد کے 37 بینک اکاﺅنٹس کا دعویٰ کیا گیا تو فوری طور پر جے آئی ٹی بن گئی اور معاملے کی چھان بین شروع ہوگئی۔ پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی اور سٹیٹ بینک نے ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعویٰ کو غلط قرار دیا تو سوشل میڈیا اور مین سٹریم میڈیا پر اینکر پرسن کے خلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔سوشل میڈیا پر مسلسل 2 روز سے ” بین شاہد مسعود“ کے نام سے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔مین سٹریم میڈیا بالخصوص الیکٹرانک میڈیا پر بھی ڈاکٹر شاہد مسعود کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سینئر صحافیوں کی جانب سے اینکر پرسن کی بھرپور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ اپنے ہی ساتھیوں کی تنقید سے دلبرداشتہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنے دکھ کا اظہار شاعری کی شکل میں کیا۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے لکھا
گو ذرا سی بات پر برسوں کے یارانے گئے
لیکن اتنا تو ہوا کچھ لوگ پہچانے گئے
میں اسے شہرت کہوں یا اپنی رسوائی کہوں
مجھ سے پہلے اس گلی تک میرے افسانے گئے