سابق وزیر اعظم عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے مقابلہ ریں ٗ رہنما پیپلز پارٹی
کراچی(یوا ین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ملکی اداروں پر کی جانے والی تنقید کو ایک نامناسب رویہ قرار دیدیا۔ایک انٹرویومیں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ نواز شریف اپنے مقدمات کی آڑ میں عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو بہت ہی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو چاہیے کہ وہ عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے ان کا مقابلہ کریں تاکہ ان کی کرپشن کا احتساب ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گذشتہ ساڑھے چار سال میں عوام سے جھوٹ بول کر حکمرانی کی اور اب جب عام انتخابات قریب ہیں، تو بھی جھوٹ کا سہارا لیا جارہا ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ میرے پاس نواز شریف کی ویڈیو کلپس موجود ہیں جس میں 2013 کے انتخابات سے قبل انہوں نے جڑانوالہ کے عوام سے یہی وعدے کیے جو کل کے جلسے میں کیے گئے، لہذا میں سمجھتی ہوں جیسا کہ اب تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا تو آئندہ بھی نہیں کریں گے۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو میں یہ ویڈیوز بھیجوا دیتی ہوں تاکہ لوگوں کو نواز شریف کے جھوٹ کے بارے میں معلوم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے کوئی یہ سوال کرے کہ آج آپ جڑانوالہ کو ضلع بنانے کی باتیں کررہے ہیں تو ساڑھے چار سال کیا کررہے تھے؟ یہ بات اسی طرح ہیں جیسے ان کی حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے وعدے کرتی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ آپ ہر جلسے میں کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، تو میں کہتی ہوں آپ کو اس لیے نکالا کیونکہ آپ جھوٹ بولتے ہیں۔