لندن(یوا ین پی)سوات کی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ مشال خان کے والد کو انصاف دلانے میں ہم لالا کے ساتھ کھڑے ہیں۔سماجی رابطہ ویب سائٹ پر جاری پیغام میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ مشال خان نا انصافی اور کرپشن کے خلاف آواز اٹھاتا تھا،سازشی الزامات لگا کر مشال خان کو جنون سے بے قابو ہجوم نے سفاکی اور بے رحمی سے قتل کرڈالا۔ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ مشال خان کے والد محمد اقبال خان کے ساتھ آکسفورڈ یونیورسٹی میں مباحثے میں شرکت ان کیلئے اعزاز سے کم نہیں۔واضح رہے کہ مشال خان کو ان کے ساتھی طلبہ، یونیورسٹی ملازمین اور بعض دیگر افراد نے 13اپریل 2017ء کو توہین مذہب کے الزام میں تشدد کرنے کے بعد گولیاں مار کر نہایت بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔