مظفر آباد (یوا ین پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اب ہم تعلیم پر مبنی معیشت کے ذریعے ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دینے پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے، ذیلی کیمپس عباسپوربین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا،کہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیاں اب ریسرچ کی بنیادوں پر سرمایہ کاری کریں گی ۔صدرآزاد جموں وکشمیر نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ سے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ نے دوران ملاقات ذیلی کیمپس عباسپور کے قیام سے متعلق صدر آزاد کشمیر کو تفصیلاً بریفنگ دی ۔ صدر آزاد کشمیر نے ذیلی کیمپس عباسپور کے لیے منصوبہ بندی اور زمین کے حصول اور کیمپس کی تعمیر کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذیلی کیمپس عباسپور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ صدر سردار مسعود خان نے اعلیٰ تعلیم کے حصول تک ہر شہری کی با آسانی رسائی پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر جدید ذیلی کیمپسز قائم کئے جائیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ قابلیت، اہلیت اور میرٹ کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ہی ہم اپنی یونیورسٹیوں کا علاقائی او ر بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ایک اور میٹنگ میں پروفیسر ڈاکٹر حلیم خان وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ نے صدر آزاد جموں وکشمیر کو یونیورسٹی کے انتظامی و تدریسی معاملات پر بریفنگ دی ۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے وویمن یونیورسٹی باغ میں طالبات کے بڑھتے ہوئے داخلہ جات کی تعریف کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صرف تین سالوں میں ہی یونیورسٹی نے بڑے تدریسی سنگ میل کو حاصل کیے ہیں اور طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں کامیابی حاصل کی ۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیاں اب ریسرچ کی بنیادوں پر سرمایہ کاری کریں گی اور آزاد کشمیر کو ایک بڑا اقتصادی مرکز بنانے میں ہماری مدد کریں گی۔