اسلام آباد(یواین پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے میمو گیٹ کیس کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا جبکہ کیس کی سماعت کے لیے 8 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے میمو گیٹ سکینڈل کی سماعت کے لئے 3رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس عمر عطاءبندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے میموگیٹ کیس میں 24 درخواست گزاروں کو بھی نوٹس جاری کردیے ہیں جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف، اسحاق ڈار، عبدالقادر بلوچ، غوث علی شاہ، حسین حقانی، اقبال ظفر جھگڑا، راجہ فاروق حیدر،حفیظ الرحمان، مولوی اقبال حیدر اور شفقت اللہ وغیرہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیف جسٹس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق رائے دہی کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران میموگیٹ کیس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔میموگیٹ اسکینڈل کا کیس اس وقت کے اپوزیشن لیڈر نواز شریف سپریم کورٹ میں لے کر گئے تھے جس کے بعد حسین حقانی کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔