جدہ (یو این پی) سعودی عرب کی فضائی دفاع کی ذمّے دار فورس نے پیر کی صبح فضا میں ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا۔ یہ میزائل حوثیوں کی جانب سے مملکت کے صوبے عسیر کے شہر خمیس مشیط کی سمت داغا گیا تھا۔ادھر سعودی افواج کی جانب سے سرحد پر عسکری کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جن کا مقصد حوثی عناصر کو سعودی عرب اور یمن کے درمیان سرحدی علاقے میں دراندازی سے روکنا ہے۔یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے گزشتہ دو روز کے دوران حوثی ملیشیا کے خلاف تقریبا 50 حملے کیے۔ صعدہ ، حجہ ، حدیدہ اور تعز کے صوبوں میں ہونے والی ان کارروائیوں میں باغیوں کے ٹھکانوں نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں حوثیوں کا جانی نقصان ہوا اور عسکری گاڑیاں اور ہتھیاروں کے گودام تباہ ہو گئے۔