لاہور(یواین پی) مردان میں زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی تین سالہ اسماءکے جسم سے لیاگیا ڈی این اے میچ کرگیاجس سے حکومت پنجاب نے خیبرپختونخوا حکومت آگاہ کردیاہے ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے 145افراد کے ڈی این اے صوبائی حکومت کو بھجوائے تھے جن میں سے ایک ڈی این اے سیمپل مقتولہ اسماءکے ڈی این اے سے میچ کرگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ ڈی این اے کی رپورٹ کے بعد پنجاب نے خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کرلیا ہے تاہم میچ کرنیوالے ملزم کا نام ابھی ظاہر نہیں کیاگیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نام سامنے آنے پر ملزم کے روپوش ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے قانونی کارروائی میں مشکلات درپیش ہوسکتی ہیں لہٰذا ابتدائی طورپر نام خفیہ رکھاگیا اور قوی امکان ہے کہ گرفتاری کے بعد خود خیبرپختونخوا حکومت یہ نام سامنے لائے گی ۔