فیصل آباد: (یو این پی) فیصل آباد میں بو کاٹا کے ساتھ ہی زندگی کی دوڑ بھی کٹ گئی، بچہ جاں بحق، دو زخمی ہو گئے۔ سارا دن خونی کھیل کھیلا جاتا رہا، انتظامیہ آنکھیں بند کئے نقصان ہوتے دیکھتی رہی۔شہر وزیر قانون پنجاب کا، مگر قانون نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں، فیصل آباد میں پتنگ بازی پر لگی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا گیا، خونی کھیل نے زندگیاں نگلنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ڈگلس پورہ میں دھاتی دوڈ گلے میں پھرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ نبی خان دم توڑ گیا۔ مدینہ ٹاؤن میں نوجوان چھت سے گر کر زخمی ہو گیا۔ راجباہ روڈ پر یو سی چیئرمین کا بیٹا اندھی گولی کا شکار ہو گیا۔فیصل آباد انتظامیہ بیٹھی رہی، لوگوں کے بچے زخمی ہوتے رہے، چند پتنگ بازوں کو پکڑ کر خانہ پری کر دی گئی۔ ادھر راولپنڈی میں بھی پتنگ بازی جاری رہی جبکہ ساہیوال کے مختلف علاقوں میں بھی دن بھر قانون کا تماشا بنایا جاتا رہا۔