لاہور (یواین پی) معروف اور سینئر وکیل و قانون دان عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر انتقال کر گئی ہیں۔ آج صبح سے ہی ان کی طبیعت خراب تھی تاہم کچھ دیر قبل طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں فیروز پور روڈ پر واقع نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تو معلوم ہوا کہ انہیں شدید نوعیت کا ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔ عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور ناصرف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر تھیں بلکہ معروف قانون دان ہونے کے علاوہ انسانی حقوق کمیشن کے بانیوں میں سے ایک تھیں اور انسانی حقوق کے حوالے سے بہت بڑا نام تھیں۔ انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک میں بھی بھرپور حصہ لیا تھا اور انسانی حقوق کی ترجمان بھی مانی جاتی تھیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں بھی وہ پیش پیش رہیں جبکہ مارشل لاءدور میں کی گئی ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہیں 2010ءمیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ کئی انٹرنیشنل ایوارڈ بھی ملے۔