لندن (یواین پی) لندن کے مصروف ترین ایئر پورٹ ہیتھرو کو بڑا حادثہ پیش آنے کے باعث خالی کرالیا گیا ہے جبکہ کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور جہازوں سے مسافروں کو آف لوڈ کرکے ٹرمینل میں پہنچادیا گیا ہے، امدادی ٹیمیں فوری طور پر ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچ گئی ہیں۔ابتدائی طور پر اتنا بتایا گیا ہے کہ ایک رن وے پر دو گاڑیوں کو انتہائی خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ہیتھرو ایئر پورٹ انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے باعث 20 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ ایک طیارہ جو اڑان بھرنے والا تھا اسے خالی کرالیا گیا ہے۔حادثہ ایئر پورٹ کے ٹرمینل نمبر 5 کے قریب پیش آیا جس کے باعث رن وے بند ہوگیا اور جہاز پھنس کر رہ گئے ہیں۔
ہیتھرو ایئر پورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر فیلڈ پر پیش آنے والے حادثے میں عملے کے 2 افراد ملوث ہیں اور اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔حادثے میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔