جدہ (یو این پی ،زکیر احمد بھٹی) شہید کشمیر مقبول بٹ کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مقررین کا خطاب. تقریب کی صدارت قائمقام چئیرمین جے کے سی اوسردار اشفاق نے کی. مہمان خصوصی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (ص) کے راہنما ایاز نقوی تھے جبکہ نظامت کے فرائض چوھدری خورشید متیال نے ادا کیےمقررین نے کہا کہ مقبول بٹ نے تحریک آزادی کو اپنےخون کا نذرانہ دیکر کشمیریوں کو آزادی کی راہ پر گامزن کردیا اب یہ تحریکی قافلہ اپنی آزادی کی منزل پر پہنچ کر ہی رکےگا. مقبول بٹ کی جلائی ہوئی شمع کی روشنی اب ملکی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح تک پہنچ چکی ہے اسکی مثال اس سال ۱۱فروری کو لندن اور دیگر یورپی ممالک میں ہونے والے مظاہروں میں دیکھی جا سکتی ہے جس میں کثیر تعداد میں کشمیریوں نے ہندوستان کے مظالم کے خلاف مقبول بٹ کی راہ پر چلنے کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مقبول بٹ نے تو اپنے خون سے آزادی کے پودے کی آبیاری کی اب یہ کشمیری قوم کا فرض ہے کہ وہ اس خون کو رائیگاں نہ جانے دے۔ اپنے اتحاد اور اتفاق سے اس کو مزید توانا اور طاقتور بنائے۔ تقریب میں شہید کشمیر مقبول بٹ کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ان کے جسدخاکی کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ماہ فروری میں ایک اور حریت لیڈر افضل گُرو کی ہندوستان کے ہاتھوں شہادت پر انکی تحریکی سرگرمیوں پر انھیں بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ کشمیر کمیٹی کی کارکردگی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا اور اس بات کا مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر کمیٹی کو فعال کیا جائے اور مولانا فضل الرحمان سے یا کام لیا جائے یا کسی اور قابل بندے کو اس کمیٹی کا سربراہ بنا کر اس کی کارکردگی کشمیری عوام کو بتائی جائے.تقریب سے دیگر مقررین جنہوں نے خطاب کیا ان میں راجہ زرین خان، راجہ شمروز، نذیر حسین رضا، راجہ ریاض، سردار غلام مصطفے، معروف حسین، راجہ پرویز، وقاص عنایت اللہ، قاری ارشاد الحق، عبداللطیف عباسی شامل ہیں ۔ صدر تقریب سردار اشفاق نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہید مقبول بٹ، شہید افضل گُرو، دیگر شہدا اور جے کے سی اوکےسیکرٹری اطلاعات راجہ زرین کے والدمرحوم کے لیے بھی دعائے مغفرت فرمائی گئی۔