لاہور (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بورے والا کے جلسے میں جھوٹ بولنے کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ میاں شہباز شریف نے پچھلا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا اور آئندہ انتخاب کے بعد کے لئے نئے وعدوں کا انبار لگا دیا ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات کے بعد وہ وعدے پورے کریں گے یا جو مقدمات ان کے خلاف ہیں اُن کے فیصلوں کے بعد جیل کی ہوا کھا رہے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی بات کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے کیونکہ گنے کے کاشت کاروں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا۔ ان کی اپنی ملوں میں گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ کیا سلوک ہوا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب کی حکومتوں کے بل بوتے پر یہ لوگ بغلیں بجا رہے ہیں۔ ن لیگی حکومتیں ختم ہوں گی تو یہ لوگ کرپشن، منی لانڈرنگ اور جھوٹ بولنے پر سزا کاٹ رہے ہوں گے۔