لاہور(یواین پی) زینب قتل کیس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار کم ترین وقت میں ملزم کاٹرائل مکمل کرلیا گیا ہے، ملزم کا ٹرائل صرف 4 روز میں مکمل کرنے کے بعد اسے پانچویں روز سزا سنائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی کو کوٹ لکھپت جیل میں سزا سنائی جائے گی ۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا واحد مقدمہ ہے جس کا ٹرائل کم ترین وقت یعنی صرف 4 روزمیں مکمل کیاگیا ، 12 فروری کو ملزم عمران علی پر فرد جرم عائد کی گئی جس کے بعد اسپیڈی ٹرائل کے دوران کیس کی 13،13 گھنٹے سماعت کی گئی اور کیس کا فیصلہ 15 فروری کو محفوظ کرلیا گیا جو کہ آج (ہفتہ کو) سنایا جائے گا۔ زینب قتل کیس میں پہلی بارسائنسی ثبوتوں کوشہادت کے طور پر عدالت میں پیش کیا گیا۔
پراسیکیوٹرجنرل پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزم عمران علی نے زینب سمیت 8 بچیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے ، ملزم کو زینب قتل کیس میں سزا کے بعد باقی 7 کیسز میں بھی قانونی تقاضے پورے کرنے ہیں۔