لاہور(یواین پی)آشیانہ سکیم مبینہ کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیااور انہیں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایاگیا۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے احد چیمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے نے کروڑوں روپے کے اثاثے بنائے ،ان کی آمدن اور اثاثوں میں مطابقت نہیں ہے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ احد چیمہ نے اختیارات کا بھی غلط استعمال کیا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے سپرد کردیااور نیب کو ہدایت کی ہے کہ 5 مارچ تک چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ احدچیمہ کوگزشتہ روزایم ایم عالم روڈ سے گرفتارکیاگیاتھا،ان پر 32 کنال اراضی بطوررشوت لینے کاالزام ہے،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ طلبی کے باجودپیش نہ ہوئے۔