اسلام آباد(یواین پی)سینئر وکیل اور پاکستان بار کونسل کے حال میں وائس چیئرمین منتخب ہونے والے کامران مرتضیٰ نے نہال ہاشمی کا دفاع کرنے سے معذرت کرلی اور اپنا وکالات نامہ واپس لینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق نہال ہاشمی کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو گالیاں نکالنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے ایک بار پھر ایکشن لے جانے کے بعد ان کے وکیل اور پاکستان بار کونسل کے حال میں منتخب ہونے والے وائس چیئرمین کامران مرتضیٰ نے ان کی وکالت سے معذرت کرلی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہال ہاشمی کی عدلیہ کو دی گئی گالیوں کا دفاع نہیں کرسکتے ، وہ آج (بد ھ کو) عدالت میں اپنا وکالت نامہ واپس لے لیں گے۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ وہ اپنے الیکشن میں اتنے مصروف تھے کہ نہال ہاشمی کی جانب سے ججز کو نکالی جانے والی گالیوں کی ویڈیو نہیں دیکھ سکے۔ انہیں عدالت میں جا کر معلوم ہوا اس لیے وہ ان کی وکالت سے دستبردار ہو رہے ہیں۔