لاہور(یو این پی) تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی مذمت کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ واقعے کا ذمہ دار سیاسی مخالفین کو قرار دینا بے شرمی اور ڈھٹائی ہے۔اسلام آباد سے جاری بیان میں عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کے ساتھ واقعہ ن لیگ کے ورکرز کنونشن میں پیش آیا اس لئے انھیں چاہئے کہ مجرم اپنی صفوں میں تلاش کریں۔ ناخوشگوار واقعہ قابل مذمت ہے مگر اس کے محرکات کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔عثمان ڈار نے کہا کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ سے داغدار چہرے کو مزید بد نما کرنا تحریک انصاف کا کلچر نہیں ہے اور چیئرمین عمران خان نے اپنے کارکنوں کی جس طرح کی تربیت کی ہے اس پر فخر ہے۔عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انکے سیاسی اعمال کا نتیجہ ہے، انھیں چاہئے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور کرپشن پر سیالکوٹ کے عوام سے معافی مانگیں ورنہ وہ عوام کے غیض و غضب سے بچ نہیں سکیں گے کیونکہ عوام دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں حکمرانوں کے احتساب کے لئے بالکل تیار ہیں۔