کھٹمنڈو (یواین پی) بنگلہ دیش کا ایک مسافر طیارہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے سے اٹھنے والے دھویں کے بادل دور سے ہی دیکھے جاسکتے ہیں، حکام نے حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔نیپالی اخبار کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق بنگلہ دیشی یو ایس بنگلہ ایئرلائن کا طیارہ کھٹمنڈو میں ترائی بھون انٹرنیشنل ایئر پورٹ (ٹی آئی اے)کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ٹی آئی اے کے ترجمان پریم ناتھ ٹھاکر کے مطابق بنگلہ دیشی ایئر لائن کا فوکر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے ہٹ گیا اور قریب واقع فٹبال سٹیڈیم میں گر کر تباہ ہوگیا۔یو ایس بنگلہ ایئر لائن کی پرواز ایس 2 اے جی یو نے ڈھاکہ سے اڑان بھری اور 2 بج کر 20 منٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی۔ طیارہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ ٹی آئی اے حکام نے طیارے میں تکنیکی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔