نئی دہلی(یو این پی) چین اقتصادی محاذ کے ساتھ فوجی طاقت بھی بڑھا رہا ہے یہ ہماری سوچ سے بھی آگے ہے ، ویپن راوتبھارتی فوج کے سربراہ وِپن راوت نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت دو محاذوں پر جنگ لڑنے کا اہل نہیں ، چین کی بڑھتی طاقت پر تشویش ہے ، چین اقتصادی محاذ کے ساتھ فوجی طاقت بھی بڑھا رہا ہے یہ ہماری سوچ سے بھی آگے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارتی آرمی چیف نے کہا تھا کہ بھارت ایک ساتھ دو محاذوں پر جنگ کرنے کا اہل ہے اور ان کے اس بیان کو چین اور پاکستان کے میڈیا میں کافی توجہ ملی تھی لیکن اب وپن راوت نے چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت پر تشویش ظاہر کی ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز وپن راوت نے کہا ہے کہ چین اپنی اقتصادی طاقت کے ساتھ ساتھ فوجی طاقت بھی بڑھا رہا ہے اور امریکہ تک کو چیلنج کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ چین ہماری سوچ سے آگے ہے۔ وپن راوت جو کل تک دو محاذوں پر ایک ساتھ لڑنے کی بات کر رہے تھے ان کا ایسا بیان خود بھارتی فوج کی طاقت پر سوالیہ نشان ہے۔ابزرور ریسرچ فاونڈیشن کے سوشانت سرین کہتے ہیں کہ پارلیمان کے سامنے فوجی سربراہ نے کہا تھا کہ فوج کا 68 فیصد سازو سامان پرانا ہو چکا ہے اور فوج کو جدید بنانے میں درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا تھا۔ ایسے میں ان کے اس طرح کے بیانات کا کیا مقصد ہے۔