کوئٹہ (یواین پی) چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ میاں صاحب ہمارے بزرگ ہیں، میرے لیے ساری سیاسی جماعتیں برابر ہیں میرا کردار ثابت کرے گا کہ میں سیاسی ہوں یا غیر سیاسی ، مجھے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے منتخب کرانے کے الزامات میں صداقت نہیں ہے ۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی نے بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب میں حمایت پر عمران خان اورآصف زرداری کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اراکین اسمبلی کی کوششوں سے 6 سینیٹرز منتخب ہوئے تھے لیکن ان 6 سینیٹرز نے پورے پاکستان سے سینیٹرز کی حمایت حاصل کی۔ ”مجھے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے منتخب کرانے کے الزامات میں صداقت نہیں ہے ، اسٹیبلشمنٹ اور کسی پر الزام لگانے والے سیاست کررہے ہیں“۔انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کے مفادات کے تحفظ اور محرومیوں کے خاتمے کیلئے قانون سازی کریں گے اور پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد کروائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ روٹیشن کی بنیاد پر ہونا چاہیے،ہمارامطالبہ ہے کہ چاروں صوبوں کو چیئرمین سینیٹ کاعہدہ باری باری دیاجائے، آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی حالات کی مناسبت سے طے کریں گے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے کہا ’میاں صاحب ہمارے بزرگ ہیں ، میرے لیے ساری سیاسی جماعتیں برابر ہیں میرا کردار ثابت کرے گا کہ میں سیاسی ہوں یا غیر سیاسی‘۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوئٹہ پہنچے تو وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔