اسلام آباد(یواین پی) ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی، پاک فضائیہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔پروقار تقریب کے دوران سابق ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان مجاہد انور خان کو سونپی اور ان کو بیجز لگائے۔ایئر مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینامیرے لیے اعزازکی بات ہے،ان کا کہناتھا کہ حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزیدمضبوط ہواہے،پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کرداراداکیاہے، پاک فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی کلیدی کرداراداکیا۔
پاک فضائیہ کے سابق سربراہ کا کہناتھا کہ پاک فضائیہ کوجدیدتقاضوں کے مطابق لیس کیاجارہاہے،دنیاکی کسی فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس طرح کاکردارادانہیں کیا،انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی منصوبے شروع کررکھے ہیں۔سہیل امان نے کہا کہ اتحاداوریکجہتی میں ہی ہماری کامیابی ہے،پاک فضائیہ ایک مثالی ادارہ ہے اس کے ایک ایک فردپرفخرہے۔