اسلام آباد (یو این پی) پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی ابتر معاشی صورتحال کے بارے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ہے، قرضوں کا ہدف جی ڈی پی کے 63.5فیصدکے دعوی کے برعکس غیرجانبدار ماہرین معاشیات کے مطابق یہ 70فیصد تک بڑھ چکا ہے، قرضے جی ڈی پی کے 70فیصد سے بھی تجاوزکر گئے ہیں، قرضوں کی حد سے متعلق ایکٹ آف پارلیمینٹ کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔میڈیا آفس اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مصنوعی طور پر روپے کو ڈالر کے مقابلے میں استحکام دئیے رکھا جس کی وجہ سے آج پاکستانی روپیہ فری فال کی طرف گامزن ہے، نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشکول توڑ دیں گے لیکن اب ان کی حکومت کشکول لے کر پوری دنیا میں گھوم رہی ہے، پی ایم ایل(ن) کی حکومت کو پاکستانی عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 10فیصد گر گیا ہے جس کی وجہ سے ہمارے قرضوں میں ساڑھے نو ارب ڈالر تقریباً ایک کھرب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے اور ہر پاکستانی اس وقت ایک لاکھ 30ہزار روپے کا مقروض ہوچکا ہے۔