سرینگر(یوا ین پی ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سبکدوش چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے ریاست میں نافذ العمل افسپااور دیگر کالے قوانین کو بدستور جاری رکھنے کے فیصلے کو ریاستی عوام کی طرف سے چلائی جارہی تحریکِ مزاحمت کے آگے اعتراف شکست کے مترادف قرار دیا۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کی وزارت داخلہ کی طرف سے گزشتہ 28برسوں سے ریاست کو ایک شورش زدہ علاقہ کی حیثیت سے اپنی 8لاکھ سے زائد قابض افواج اور نیم فوجی دستوں کے ہاتھوں مذکورہ کالے قوانین کی مدد سے قتل وغارت اور ظلم وجبر کی دل دہلا دینے والی کارروائیوں کی سیاہ ترین تاریخ رقم کی ہے۔ حریت رہنما نے اس امر پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم وبیش 30سال گزارنے کے بعد بھی ریاست جموں کشمیر جیسے متنازعہ خطہ کو فوجی طاقت کے بل پر قابو میں نہ لائے جانے کے سرکاری سطح پر اعتراف کئے جانے کا صاف مطلب یہ ہے کہ ریاستی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن تحریکِ مزاحمت ایک فیصلہ کن دور میں داخل ہورہی ہے۔ حریت رہنما نے بھارت کے اس اعتراف شکست کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی تاریخ مزاحمت اس حقیقت کا ایک بین ثبوت ہے کہ بھارت یہاں کی حریت پسند سیاسی پلیٹ فارم کا سیاسی مقابلہ کرنے کے بجائے حریت کے خلاف اپنی فوجی طاقت کو استعمال کرنے میں ہی یقین رکھتا ہے۔ حریت رہنما نے بھارت کے ارباب اقتدار کو ایک کھلم کھلا چلینج دیتے ہوئے کہا کہ بھارت انہیں (یعنی سید علی گیلانی کو) پچھلے آٹھ برسوں کی مسلسل خانہ نظربندی سے آزاد کرکے آزمائیں کہ لوگ تحریک آزادی کے ساتھ ہیں یا نہیں ہیں۔