لاہور (یو این پی)صوفی بزرگ حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس ( میلہ چراغاں ) کی تین روزہ تقریبات آج ( ہفتہ ) رسم چادر پوشی سے شروع ہوں گی، اس موقع پر لاہور میں عام تعطیل ہو گی،پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے430 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہوگا جس میں صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری، سیکرٹری اوقاف اعجاز چوہدری، مینیجر دربار مادھو لعل حسین بدر حیات سمیت عقیدت مند اور زائرین شریک ہوں گے۔ اس دن لاہور میں عام تعطیل ہوگی اور ضلعی حکومت لاہور کے دفاتر بند رہیں گے ۔حضرت مادھو لعل حسینؒ کے عرس کو ‘میلہ چراغاں‘‘سے منسوب کیا جاتا ہے، اس لئے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد دربار پر حاضری دے گی اور منتوں کی مناسبت سے چراغاں بھی کیا جائیگا ، تقریبات کا آخری روز سہ پہر تین بجے تک خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے، سوموار کے روز بعد از عشا دعا کیساتھ تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، عقیدت مندوں کے لئے ایک ہی داخلی راستہ مختص کیا جائے گا۔شاہ حسین لاہوری 1539 ء میں ٹیکسالی دروازے لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام شیخ عثمان تھا جو کپڑا بننے کا کام کرتے تھے۔ مادھولعل حسین کا خاندانی نام ڈھاڈھا حسین تھا۔ ڈھاڈھا پنجاب کے راجپوتوں کی ایک ذات ہے۔ شاہ حسین پنجابی زبان و ادب میں کافی کی صنف کے موجد ہیں۔ وہ پنجابی کے اولین شاعر تھے جنہوں نے ہجر و فراق کی کیفیات کے اظہار کے لیے عورت کی پرتاثیر زبان استعمال کی۔