لاہور (یوا ین پی) پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے 15 سے زائد پارٹی اراکین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کور کمیٹی کے رکن چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) لاہور کے احسن چوبارہ، اقبال چوبارہ، چوہدری مقبول احمد، شیخ اقبال حسین، محمد مبشر ملک، رخسانہ بی بی سمیت دیگر نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹر چودھری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آئین وقانون اور جمہوریت کے دائرہ میں رہ کر سیاست کر رہے ہیں، اس ملک میں کسی بھی قسم کے مارشل لاء یا کسی اور غیر آئینی اقدام کی حمایت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار جیسے مسائل کی وجہ سے عوام موجودہ نظام سے تنگ آ چکے ہیں اور ہر پاکستانی اس کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتا ہے اور جب تک ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوامی حکمرانی قائم نہیں ہو گی، ملک کسی صورت آگے نہیں بڑھ سکتا۔