سرینگر(یواین پی )مقبوضہ کشمیرمیں شہداء کی قربانیاں مظلوم کشمیری قوم کا قیمتی اثاثہ ہے اورہم ان کے مقدس مشن کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان باتوں کا اظہار لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے فرنٹ کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تعزیتی مجلس کا انعقاد میر پور آزاد کشمیر میں آزادی کے دیرینہ رکن میر احمد جو حال ہی میں وفات پاگئے ،کیلئے کیا گیا تھا۔ تعزیتی مجلس میں یاسین ملک سمیت کئی قائدین اور اراکین نے شرکت کی۔مرحوم میر احمد جو محمد مقبول بٹ کے قریبی ساتھی تھے ،کی تحریکی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ‘یاسین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی وفات سے تحریک مزاحمت کا ایک اہم باب بند ہوگیا ہے اور آج جبکہ ہم ان سے جدا ہوئے ہیں ہم انکی جنت نشینی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں۔ واضح رہے کہ مرحوم میر احمد1966میں محمد مقبول بٹ، میجر امان اللہ خان اور اورنگ زیب کے ہمراہ تحریکی سرگرمیاں چلانے کیلئے وادی وارد ہوئے تھے اور اسی دوران وہ مقبول بٹ اور میجر امان اللہ کے ہمراہ گرفتار کئے گئے جبکہ اورنگ زیب گلگتی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔1969 میں میر احمد مقبول بٹ کے ہمراہ سرینگر سینٹرل جیل سے فرار ہوگئے اور تادم آخریں فوجی تسلط کے خلاف جاری تحریک آزادی کا سرگرم حصہ بنے رہے اور راہ عزیمت میں مصائب و آلام کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ تعزیتی مجلس کے دوران جموں کشمیر کے شہید کشمیر اشفاق مجید وانی، شہید حکمت ڈاکٹر عبدالاحد گورو،شہید انصاف ایڈوکیٹ جلیل احمد اندرابی اور شہید صداقت سیّد شبیر احمد صدیقی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبدالاحد گورو، ایڈوکیٹ جلیل احمد اندرابی اور سیّد شبیر احمد صدیقی تحریک آزادی جموں وکشمیر کے وہ سالار تھے جنہوں نے اپنے گرم گرم لہو کی قربانی دیکرآزادی کے پودے کو سینچا اور آج ان شہداء کا لگایا ہوا پودا تناور درخت کی صورت میں سرزمین کشمیر پر موجودہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند اپنے ان محسنوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرسکتے ہیں اور شہداء کے لہو سے مزین تحریک آزادی کو اس کے مطلوبہ ہدف تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔شہداء کی برسیوں کے حوالے سے پروگراموں کی تفصیل دیتے ہوئے ملک نے کہا کہ ماضی کی ہی طرح اس برس بھی شہداء کی یاد میں مختلف پروگرام ترتیب دئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہید انصاف ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کی برسی پر آج یعنی 27مارچ منگلوار صدر دفتر اور جملہ ضلعی دفاتر پر شہداء جموں کشمیرکے حق میں قرآن خوانی کی محافل منعقد ہوں گی۔ شہید کشمیر اشفاق مجید وانی اور شہید صداقت سیّد شبیر احمد صدیقی کی برسی پر30 مارچ جمعہ‘ صبح دس بجے ،اشفاق مجید وانی و شبیر احمد صدیقی نیز جملہ شہداء جموں کشمیر کے حق میں مزار شہداء عید گاہ پر ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوگی۔شہید حکمت ڈاکٹر عبدالاحد گورو کی برسی کے حوالے سے 31 مارچ ہفتہ حمید بلڈ بینک آبی گزر کے اہتمام سے صبح ساڑھے 10بجے ایک عطیہ خون کا کیمپ منعقد ہوگا۔