لاہور(یو این پی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دو روزہ دورہ پر آج (ہفتہ ) کو لاہور آئیں گے ،عمران خان 12مقامات پر لگائے جانے والے ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کریں گے جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج ہفتہ اور کل اتوار کو لاہور میں قیام کرکے پارٹی کی تنظیمی سر گرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔ عمران خان آج ہفتہ کو لاہور پہنچیں گے اور سات مقامات پر لگائے گئے ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کریں گے۔ لاہور آمد کے عمران خان پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ سب سے پہلے لبرٹی چوک میں لگائے گئے خواتین کے ممبر سازی کیمپ کا دورہ کریں گے ۔ تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں منزہ حسن اورمسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر خواتین رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے عمران خان کا شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ اس کے بعد عمران خان یتیم خانہ چوک،لیاقت چوک سبزہ زار،کارپوریشن چوک سگیاں پل،شاہدرہ،جلو موڑ اور دھرمپورہ /کینال چوک میں لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان کارکنوں اور عوام سے خطاب بھی کریں گے۔ اگلے روز یکم اپریل کو عمران خان یوحنا آباد،ٹھوکر نیاز بیگ،اکبر چوک،دبئی چوک اور صدر بازارمیں لگائے جانے والے ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کریں گے اور خطابات کریں گے۔ پی ٹی آئی پنجاب تنظیم کی جانب سے عمران خان کے دورہ لاہور کے سلسلہ میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دید ی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے مختلف شاہراہوں خصوصاً جن علاقوں میں ممبر سازی کیمپ لگائے گئے ہیں وہاں کے علاقوں ، تجارتی مراکز اور شاہراہوں کوعمران خان کی تصاویر اور خیر مقدمی بینرز اور فلیکسز سے سجا دیا گیا ہے ۔