بیجنگ (یواین پی) چائنہ ڈویلپمنٹ بینک (سی ڈی بی ) نے رواں سال غربت مٹانے کیلئے مختلف پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 400 ارب یوآن (63 اعشاریہ 77 ارب ڈالر ) کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سی بی ڈی تقریباً 64 ارب ڈالر کے فنڈز کے ذریعے ملک بھر میں غربت مٹانے کے مختلف پروگرام شروع کرے گا ۔ ان پروگرامز میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، غریب شہریوں کو مناسب جگہ پر بسانا، لوکل انڈسٹری کی ترقی ، ہیلتھ کیئر اور غریب علاقوں میں تعلیم کے منصوبے شامل ہیں۔
چین نے رواں سال دیہی علاقوں میں ایک کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنے کا ہدف مقرر کیا ہے، ان میں 28 لاکھ وہ لوگ شامل ہیں جنہیں دور دراز یا سہولیات کی کمی کے شکار علاقوں سے نکال کر نئی جگہوں پر بسایا جائے گا۔ چینی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ 2020 تک ملک سے غربت کا مکمل طور پر خاتمہ کردے گی ۔
خیال رہے کہ چین نے 2012 سے 2017 کے دوران 6 کروڑ 85 لاکھ سے زائد لوگوں کو خط غربت سے نکالا ہے جس کے بعد ملک میں غربت کی شرح 10 اعشاریہ 2 فیصد سے کم ہو کر صرف 3 اعشاریہ ایک فیصد رہ گئی ہے۔