فیصل آباد (یواین پی) جڑانوالہ میں قتل کی جانے والی 6 سالہ مبشرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی جس میں اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔اتوار کے روز فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں کھیتوں سے 6 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی بعد میں جس کی شناخت مبشرہ کے نام سے ہوئی ۔نجی چینل کے مطابق 6 سالہ مقتولہ مبشرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس میں بچی سے زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر زخموں کے 21 نشانات بھی پائے گئے ہیں۔تحصیل جڑانوالہ میں اس واقعے کے بعد دوسرے دن بھی احتجاج جاری ہے اور آج بھی ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث کاروباری مراکز مکمل بند ہیں۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ مبشرہ کے قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے سر عام پھانسی کی سزا دی جائے۔