لاہور(یو این پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور مختلف پروگرامز کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے میگاپراجیکٹس کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے گئے ہیں اور آج جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں ہزاروں کلومیٹر کارپٹڈ سڑکیں بچھائی گئی ہیں۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جو ہم نے کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت کی ذمہ داری اپنا فرض سمجھتا ہوں اور جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے پروگراموں پر پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کے عوام کو بری طرح نظرانداز کیا اور ان کے مسائل کو حل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جنوبی پنجاب بھی پنجاب کے بڑے شہروں کی طرح ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔