کراچی (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پیش کی گئی ایمنسٹی اسکیم کی پارلیمنٹ میں مخالفت کرے گی۔کراچی میں پارٹی کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمانی جماعتوں کو آرڈیننس نامنظور قرارداد کی تجویز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں سرمایہ داروں کو فائدہ ہوا، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ ایمنسٹی سکیم سے غیر قانونی پیسہ کمایا جارہا ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ غریبوں کے لیے اب تک کوئی ایمنسٹی اسکیم متعارف نہیں کروائی گئی جبکہ اس اسکیم کے ذریعے کالا دھن سفید کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ موجودہ دور حکومت میں ایسی سیکمیں متعارف کروائی گئیں جن سے صرف سرمایہ داروں اور بڑی کاروباری شخصیات کو فائدہ ہوا۔میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آج تک حکومت نے ایسی کوئی سکیم متعارف نہیں کروائی جس سے غریب عوام اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچا ہو، بلکہ یہ طبقہ ٹیکس اور مہنگائی کے بوجھ تلے پسے چلے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہونے جارہا ہے جو ایسا قانون پاس کرے گی جس کی مدد سے کالے دھن کو استثنیٰ مل جائے۔رضا ربانی نے کہا کہ سیاسی مسائل کو پالیمنٹ میں ہی حل ہوجانا چاہیے، اور انہیں حل کرنے کے لیے طریقہ کار بھی موجود ہے، لہٰذا ان مسائل کو عدالتوں میں لے جانے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس قانون میں حکومت نے کسی بھی طرح کی خامی چھوڑی ہوگی تو اسے پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔