اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کوان کا بنیادی حق ، حق خودارادیت دینے تک کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں منظم بھارتی ریاستی دہشت گردی اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے بہیمانہ قتل عام کی شدیدمذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے ظلم و بربریت دہشت گردی کا نوٹس لیں۔
یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جموں وکشمیرکے عوام ظالمانہ بھارتی تسلط کے خلاف گزشتہ 7دھائیوں سے بے مثال جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں،نہتے کشمیری شہریوں کے خلاف حالیہ بھارتی جارحیت، جس کے نتیجے میں 20سے زیادہ نوجوان شہید اور200سے زائد معصوم مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں، جموں وکشمیرمیں بھارتی قابض افواج کے ظلم وستم اورمظالم کا ایک اوربین ثبوت ہے،بھارت جموں وکشمیر کے نڈر عوام کے حق خودارادیت ، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہے، سے مسلسل انکارکررہاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جموں وکشمیرکاتنازعہ نہ صرف برصغیرپاک وہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈاہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا میں شامل تنازعات میں سب سے پرانا تنازعہ ہے،پاکستان جموں وکشمیرمیں منظم بھارتی ریاستی دہشت گردی اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے بہیمانہ قتل عام کی شدیدمذمت کرتاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی قابض افواج جموں وکشمیرکے معصوم اورنہتے عوام کے بنیادی انسانی حقوق بشمول پرامن اجتماع کے حق کی بدترین پامالیوں کی مرتکب ہورہی ہے،مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سینئیرحریت قیادت کو گرفتار یا انہیں گھروں میں نظربند کیا گیاہے،پاکستان کے عوام اوربین الاقوامی برادری جموں وکشمیرکے عوام کی بے مثال جرات اور بہادری کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے جو بھارت کے ریاستی آپریٹس کے تسلط ، بدترین ریاستی دہشت گردی ، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اورتشدد کا استقامت کے ساتھ مسلسل سامناکررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے ظلم ودہشت کا نوٹس لینے، اس کے خاتمے کیلئے آوازبلندکرنے اور70برس قبل جموں وکشمیرکے عوام سے کئے گئے وعدوں کوایفاء کرنے کا مطالبہ کرتاہے ۔ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زوردیتاہے کہ وہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنراورانسانی حقوق کے آزادانہ کمیشن آئی پی ایچ آرسی کے حقائق جانچنے والے مشنز کو مقبوضہ کشمیرتک رسائی دینے کیلئے بھارت پرزور دیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان جموں وکشمیرکے عوام کوان کا بنیادی حق ، حق خودارادیت دینے تک کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔