اسلام آباد (یواین پی) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں وہ پہلے بھی لیگی نہیں تھے اور اب بھی نہیں ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے میری صدارت کیلئے ووٹ نہیں دیا، ایسے لوگ سیاست اور ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔
احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 4 سال بعد شاید پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پر کچھ وارد ہوا ہے، ان کا تعلق ن لیگ سے نہیں ہے، یہ پہلے بھی ہمارے نہیں تھے اور اب بھی نہیں ہیں یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے میری صدارت کیلئے ووٹ نہیں دیا، یہ لوگ ہماری نظر میں تھے ۔ایسے لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، ان کا پس منظر مسلم لیگی نہیں تھا یہ ڈکٹیٹر دور میں آمر اور جمہوری دور میں جمہوری لوگوں سے مل جاتے ہیں، ایسے لوگ سیاست اور ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں شہباز شریف نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے اورلودھراں کا الیکشن ہمارے ترقیاتی کاموں پر اعتماد کا اظہار تھا، وہاں ضمنی الیکشن میں 180 ڈگری کا ٹرن آیا تھا ، الیکشن میں نئے لوگوں کو سامنے لائیں گے ، پر امید ہیں کہ آئندہ الیکشن میں صرف شیر کو ووٹ پڑے گا۔
خیال رہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 8 ارکان اسمبلی نے پیر کے روز مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ کر صوبہ جنوبی پنجاب محاذ بنانے کا اعلان کیا تھا۔